تعلیماتِ سلطان باھوؒ
سلطان الفقر ، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی تعلیمات کونہ تو تصوف اور نہ ہی طریقت بلکہ ”فقر” کانام دیا ہے اور راہِ ”فقر” اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ راہِ فقر میں صاحبِ مسمّٰی مرشد کامل اکمل نور الہدیٰ سروری قادری کی راہبری اور راہنمائی بہت ضروری ہے۔ آپؒ فرماتے ہیں کہ مرشد بھی وہ جو پہلے دِن ہی طالبِ مولیٰ کو سنہری حروف سے اسمِ اللہ ذات لکھ کر دے اور اس کے ذکر اور تصور اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا حکم دے۔ مرشد کی توجہ ، کرم اور تصورِ اسم اللہ ذات یا تصورِ اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے طالب پر باطن میں دو اعلیٰ ترین مقامات دیدارِ حق تعالیٰ اور مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حضوری کھلتے ہیں۔ باطن میں ان سے اعلیٰ کوئی اور مقامات نہیں ۔ یہ مقامات صرف اُن کو نصیب ہوتے ہیں جو اخلاص اور استقامت سے مرشد کی اتباع اور رضا کے مطابق راہِ فقر میں اپنا سفر جاری رکھتے ہیں۔زیرِنظر ویب سائٹ میں آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تمام تعلیمات کا خدا کے فضل و کرم سے اور سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کی مہربانی سے مکمل احاطہ کر دیا گیا ہے۔